کارخانوں،گھروں سمیت ہر کنکشن چیک ہوگا، بجلی چوری کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے ) پنجاب حکومت نے بجلی چوری، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کےخلاف صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے بجلی چوری کے خاتمے کےلئے وزیراعظم کے گزشتہ روز کے اجلاس کی روشنی میں پالیسی پر عملدرآمد کا حکم دیا،وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمے کےلئے اہداف کا تعین، ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا صنعتوں، کارخانوں، دکانوں، گھروں، شاپنگ مالز سمیت ہر کنکشن چیک ہوگا، ناکامی پر متعلقہ حکام ذمہ دار ہوں گے،وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی بجلی چوری، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، بجلی چور، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی میں جو جو ملوث ہو کوئی رعایت نہ کی جائے، بجلی چوری کے خاتمے، اجلاس میں سخت سزاﺅ ں اور بھاری جرمانوں کےلئے قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا بجلی چوری پہلے ہی قابل دست اندازی جرم ہے، گرفتاریاں اور فوری سزائیں بھی دی جائیں،بجلی چوری میں ملوث سرکاری حکام کےخلاف بھی کارروائی ہوگی،سسٹم کے اندر موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرکے قانونی گرفت میں لایا جائے گا،انرجی منسٹری، صوبے کی بجلی کی تقسیم کار تمام کمپنیوں (ڈسکوز) کی بھی مانیٹرنگ ہوگی، ٹاسک فورس بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں ماہرین اور حکومتی نمائندے شامل ہوں گے، ٹاسک فورس وزارت توانائی، ڈسکوز کی کارکردگی اور بجلی چوری کےخلاف آپریشن کی نگرانی کرے گی،مریم نواز نے کہا پنجاب میں بجلی چوری پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، بجلی چوری میں ضائع ہونے والے اربوں روپے عوام کی صحت، تعلیم، ترقی پر خرچ کریں گے، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا صوبہ پنجاب میں 100 ارب روپے کی بجلی چوری ہورہی ہے علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے’زیرو ویسٹ ڈے“ پر اپنے پیغام میں کہا ہے ہر دن کو ”زیرو ویسٹ ڈے“ کے طور پر منانا چاہیے،آج اشیاءضروریہ کے ذمہ دارانہ استعمال اور ویسٹ مینجمنٹ کی اہمیت پر غور کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام لا رہے ہیں، پہلی مرتبہ دیہات کی صفائی کا پائیدار اور موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے، ہر شہر، گاو¿ں اور گلی محلے کو صاف دیکھنا میرا عزم ہے، عوام ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کو کم کر کے ماحول دوست متبادل کو اپنائیں، دنیا کو بے شمار ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ایسی صنعتی معیشت کی ضرورت ہے جہاں وسائل کا موثر استعمال ہو اور ویسٹ کم سے کم پیدا ہو۔