اڈیالہ جیل میں عمران سے ملاقاتوں کیلئے ایس او پیز طے، فوکل پرسن مقرر

راولپنڈی،اسلام آباد (بیورورپورٹ) بانی پی ٹی آئی سے کون اور کب ملاقات کر سکے گا؟ اس حوالے سے نئی پیش رفت سامنے آ گئی، سابق وزیراعظم اور جیل سپرنٹنڈنٹ کے درمیان ایس او پیز طے پا گئے،جیل میں ملاقات کے حوالے سے بنائے گئے ایس او پیز پر بانی پی ٹی آئی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے دستخط کیے جس کے مطابق جیل میں ملاقاتوں کےلئے بانی پی ٹی آئی نے 3 فوکل پرسنز مقرر کیے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت، بیرسٹر عمیر نیازی فوکل پرسن ہوں گے، جیل میں ملاقاتوں کےلئے ہر فوکل پرسن 2 نام دے گا، ہفتے میں 2 دن یعنی منگل کو فیملی، جمعرات کو وکلا و دیگر کےساتھ ملاقات ہوا کرے گی،ایس او پیز کے مطابق عدالتی احکامات پر ملاقات کرنے والوں کا معاملہ بانی پی ٹی آئی کی رضا مندی سے مشروط ہو گا،جیل رپورٹ کے مطابق 26 مارچ کو 10 اور 28 مارچ کو 18 افراد نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی و دیگر کےخلاف 9 مئی واقعات کے دو مقدمات کی سماعت 30اپریل تک ملتوی کردی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کیسز پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے کیسز کی سماعت 30 اپریل تک ملتوی کردی۔