ننکانہ صاحب:(انصر اقبال) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی زیرصدارت سی ایم انیشیٹوز کا جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مزمل الیاس ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ، چیف آفیسر ضلع کونسل ، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹی، سیکریٹریز مارکیٹ کمیٹی سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت جاری ستھرا پنجاب مہم ، رمضان نگہبان پیکج ، پرائس کنٹرول ایکٹیوٹیز اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبہ جات پر پیش رفت کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر کو خصوصی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چوہدری ارشد نے متعلقہ افسران کو ستھرا پنجاب مہم ، رمضان نگہبان پیکج اور پرائس کنٹرول ایکٹیوٹیز کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خصوصی اقدامات پر جانفشانی سے کام کیا جائے اور شہریوں کو سروس ڈلیوری میں بہتری کے لئے تمام ادارے مل کر کام کریں۔ رمضان نگہبان پیکج ، ستھرا پنجاب اور پرائس کنٹرول ایکٹیوٹیز کی کڑی نگرانی کی جائے اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ رمضان میں عوام الناس کو اشیاءخوردو نوش کی سستے داموں فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں ، آڑھتی نیلامی میں اعتدال رکھیں ، سبزیوں اور پھلوں کی وافر فراوانی کو یقینی بنائیں، سبزی منڈی میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے کسی کو گراں فروشی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی نمایاں جگہ پر ریٹ لسٹ آویزاں کرے سبزی منڈی میں پانی کا چھڑکاو¿ روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے۔ سبزی منڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور تمام میونسپل اداروں کے سربراہان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کی ایکٹیوٹیز کی رپورٹ 30 مارچ تک میرے آفس پہنچائی جائیں تاکہ اداروں کی ورکنگ کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں اسٹیٹ لینڈ کو ناجائز قابضین سے واگزار کروانے کے لیے گرینڈ آپریشن کی تیاری کی جائے ، ناجائز قابضین سے اسٹیٹ لینڈ کا چپہ چپہ واگزار کروایا جائے۔
اشیائے خورونوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر ننکانہ

















