فیصل آباد پولیس لائن کمپلیکس میں لاکھوں روپے کی برآمد پتنگیں نذر آتش

فیصل آباد:(صداقت علی) پولیس لائن کمپلیکس میں مختلف علاقوں سے برآمد کی گئی لاکھوں روپے مالیت کی ہزاروں پتنگیں اور ڈور کی چرخیاں نذر آتش کر دی گئیں۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر محمد علی ضیا ، وکلاء، اساتذہ ، اور طلبا بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

سی پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ڈور پھرنے سے کسی کی ہلاکت پر پتنگ باز کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ سولہ ایم پی او کے تحت پتنگ باز کو چھ ماہ کے لئے جیل بھی بھیجیں گے۔ پتنگ سازوں اور فروشوں کی سرپرستی کرنے اور ڈور سے ہونے والے جانی نقصان میں ملوث پولیس اہلکار سے بھی رعایت نہیں ہو گی۔

محمد علی نے کہا پتنگ بازی کا سامان جلانا اس خونی کھیل کے خاتمے کی مہم کا حصہ ہے۔ والدین بھی پتنگ بازی کی روک تھام میں پولیس کا ساتھ دیں۔ پتنگ بازوں کے خلاف اب مزید سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت پتنگ بازی پر سزاو¿ں میں ترمیم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ پراسیکیوٹر پنجاب نے بھی پتنگ بازوں کی فوری ضمانت ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ پولیس کا مقصد کسی کو سخت سزائیں دینا نہیں بلکہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کو بند کروانا ہے،کاروباری لوگ سوشل میڈیا پر خونی کھیل کو تفریح بنا کر دکھاتے ہیں۔ آن لائن پتنگ اور ڈور فروخت کرنے والے چار گروہوں کے تیس لوگ گرفتار کئے ہیں۔ پتنگ اڑانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف 2700 مقدمات درج کئے جا چکے ہین جن میں سے 2200 مقدمات آصف کی موت سے قبل درج کئے گئے تھے۔ آصف کی افسوسناک موت کے بعد اب لوگ اس کھیل کو خود ہی ترک کر رہے ہیں۔ پتنگ فروشوں کی سرپرستی یا ڈور سے کسی جانی نقصان میں ملوث پولیس اہلکار سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔