پاکستان فلسطینی بھائیوں کیساتھ کھڑا رہے گا، صدر مملکت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر آواز بلند کرے گا، فلسطینی عوام بہادر ہیں، اسرائیلی قبضے کےخلاف طویل جدوجہد کر رہے ہیں۔

آصف زرداری سے فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع نے ملاقات کرکے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے مظالم و دہشتگردی پر روشنی ڈالی۔

صدر مملکت نے کہاعالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی ،غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کیلئے کوششیں کرے، پاکستان فلسطینی عوام کیلئے خوراک، ادویات سمیت مزید امدادی سامان بھیجے گا۔

دریں اثناصدر مملکت آصف زرداری سے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی اور ایرانی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا،آصف زرداری نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہامختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا پاکستان چا بہار زاہدان ریل روڈ سے وسطی ایشیا، یورپ، ترکی سے تجارت کیلئے مستفید ہو سکتا ہے، امید ہے صدر آصف زرداری کی قیادت میں پاک ایران تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔