پی ٹی آئی کا عدلیہ کی آزادی ،عمران خان کی رہائی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان

اسلام آباد ،راولپنڈی،لاہور :(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)پی ٹی آئی نے عدلیہ کی آزادی ،عمران خان کی رہائی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔

بانی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر اور لطیف کھوسہ نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان سے 45 منٹ میٹنگ ہوئی، اتوار کو پشاور میں 2 بجے ریلی نکالیں گے، ریلی کا ایک ہی مقصد عدلیہ کی آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہوگا،عدلیہ کےساتھ کھڑے ہیں، پشاور ریلی میں ایم این ایز، ایم پی ایز بھی شرکت کریں گے، جلد چیف جسٹس کو بانی پی ٹی آئی کی طرف سے لیٹر بھیجیں گے۔

،بیرسٹر گوہر نے کہا بانی پی ٹی آئی کے کیسز پرتفصیلی لیٹر چیف جسٹس کو لکھیں گے، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا عدلیہ کےساتھ کھڑے ہیں۔

لطیف کھوسہ نے کہا 6 ججزکا نہیں باقی تمام صوبوں میں بھی یہی کیفیت ہے، بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کو ٹارگٹ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا 9 مئی واقعات پر ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، 9مئی سے 9 فروری تک ڈرامہ لندن پلان کا حصہ ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پانڈز ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی 3اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاﺅس جلاﺅگھیراﺅسمیت 3مقدمات میں وکلا کو دلائل کےلئے 4اپریل کو طلب کر لیا۔