ساہیوال، ہائی سٹریٹ ڈرین کی صفائی مکمل، سڑک کو ماڈل روڈ بنایا جائے: کمشنر

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہائی سٹریٹ ڈرین کی صفائی کا کام مکمل ہو گیا جس سے شہر کے کمرشل ایریا میں سیوریج کے مسائل بڑی حد تک حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے نئی سڑک کی تعمیر کے بعد ٹف ٹائل لگانے کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی اس اہم سڑک کو ماڈل روڈ بنایا جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اسجد خان نے بتایا کہ پاکپتن روڈ کے3کلو میٹر حصے کو 72انچ پائپ ڈالنے کے بعد محکمہ ہائی وے کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ اس پر اسفالٹ کا کام مکمل ہوسکے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے راجباہ 9ایل کے کناروں کی بھل صفائی کے بعد ہونے والی صفائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔