بشام حملے میں دشمن ملوث،دہشتگردوں، سہولت کاروں کو کٹہرے میں لائیں گے:پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ )ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلئے پر عزم ہے، کوئی شک نہیں بشام حملہ پاکستان چین دوستی کے دشمنوں نے کیا تھا،ایسے دہشتگرد حملے پاکستان کے تمام محاذوں سے دہشت گردی سے نمٹنے کے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں، پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں،اسرائیل کے حمایتی فلسطینیوں پر کی جانے والی بربریت کو روکنے کےلئے زور اور امدادی ٹیموں کو غزہ کے تمام حصوں میں جانے کی اجازت دےں،بھارت جموں و کشمیر میں استحصالی منصوبوں کو ترک کرے،افغانستان کے ساتھ تجارت اور عوام کے تعلقات کو فروغ دینے کےلئے پرعزم ہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا بشام میں دہشتگرادانہ حملے کے بعد حکومت پاکستان چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے، ہم مل کر ایسے حملوں کےخلاف بھرپور طریقے سے کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے ،پاکستان چینی شہریوں اور پاکستان میں چینی منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

ترجمان نے کہا اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور ہوئے 3 دن گزر گئے تاہم اسرائیلی کی فلسطینیوں کےخلاف جنگ اب تک جاری ہے اور فلسطینیوں کو اب بھی قحط اور نسل کشی کا سامنا ہے، اسرائیل کے حمایتیوں سے مطالبہ کرتے ہیں اسرائیل پر فلسطینیوں پر کی جانے والی بربریت کو روکنے کےلئے زور دے اور امدادی ٹیموں کو غزہ کے تمام حصوں میں جانے کی اجازت دے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا بھارت مبینہ طور پر بھارتی مقبوضہ جموں اور کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیم کے ذخائر کے کچھ بلاکس کو نیلام کرنے کےلئے تیار ہے اور ایسے خدشات ہیں مقبوضہ علاقے کے باہر کسی کارپوریشن کو کشمیر کے قیمتی ذرائع سے فائدہ اٹھانے کےلئے ٹھیکے دیے جائیں گے جن پر کشمیریوں کا حق ہے، اقدامات غیر قانونی اور استحصالی ہیں، کشمیر کو اس کے قدرتی وسائل سے محروم نہیں کرنا چاہیے، معدنی وسائل سمیت خطے کی دولت پر کشمیری عوام کا حق ہے۔