پاک چین مشترکہ اقدار پر حملہ کیا گیا،مجرموں کو کٹہرے میں لائیں گے،صدر مملکت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) صدر مملکت آصف زرداری چینی سفار تخانے جاپہنچے،بشام حملے میںہلاکتوں پر حکومت و قوم کی جانب سے اظہار تعزیت کیا،چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے آمد پر صدر آصف زرداری کا استقبال کیا۔

صدر مملکت نے کہا پاکستانی قوم دکھ کی گھڑی میں چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک اور شانہ بشانہ کھڑے ہیں،دشمن کو پاک چین مزید تعلقات قبول نہیں،بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

آصف زرداری نے کہا پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، شانگلہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا، پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

چینی سفیر نے تعزیت کےلئے ذاتی طور پر سفارتخانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور انسداددہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا،چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے ، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی، چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔