حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ ہے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ذر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہے،”فائیو ایز“ معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتا ہے،ہمیں برآمدات میں اضافے کیلئے تمام وسائل مہیا کرنا ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت فائیو ایز اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، وفاقی اداروں، وزارتوں و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ فائیو ایز معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتا ہے۔ فائیو ایز پر عملدرآمد میں تمام وزارتوں کو مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔ ملکی معیشت کے حوالے سے اعداد و شمار نہایت ہولناک ہیں، اگر یہی اعداد و شمار کسی کمپنی کے ہوں تو مالکان کی نیند اڑ جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے مجموعی محاصل 7000 ارب جبکہ قرضوں اور قرض کی ادائیگی پر سروسز کی ادائیگی کیلئے 8000 ارب روپے سے زائد کی ضرورت پڑتی ہے۔ درپیش چیلنجز سے عہدہ براہ ہونے کیلئے ملک کے تمام اداروں کو مربوط کاوشوں، وسائل کے مو¿ثر استعمال، ترجیحات کی درست تعین کی ضرورت ہے۔