راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے سی سی ٹی وی چوری کرنے والے 9مئی کے ذمہ دار ہیں،مجھے جیل میں رکھ لیں مگر باقی رہنماوں کو رہا کردیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے کہنا چاہتا ہوں پی ٹی آئی کی 25 مئی کی پٹیشن کو سنا جائے اور 9 مئی واقعات کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جسٹس قاضی فائز عیسی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو ریکور کرنے کا حکم دیں،کرائم کی انفارمیشن چھپانا بھی جرم ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاجیسے اسرائیل دہشتگردی کرکے فلسطین پر الزام لگا دیتا ہے ایسے ہی 9 مئی کا واقعہ کرکے پی ٹی آئی پر الزام لگا دیا گیا، سب کچھ لندن پلان کے تحت چل رہا ہے،8 فروری پر بھی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، انتخابات میں اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا، الیکشن کمیشن نے خود دھاندلی کرائی وہ کیسے انکوائری کر سکتا ہے، دھاندلی زدہ الیکشن سے بننے والی حکومت اور صدر زرداری کی کوئی حیثیت نہیں، حکومت گرانے کے بینیفیشری حکومت میں بیٹھ گئے تو انکوائری کیسے ہوگی۔
عمران خان نے مطالبہ کیا مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں مگر باقی لوگوں کو رہا کر دیا جائے، یاسمین، محمود الرشید، عالیہ حمزہ، اعجاز چودھری، عمر چیمہ کو جسمانی مسائل ہیں،نیشنل سکیورٹی کمیٹی میٹنگ میں اسد مجید نے دھمکی کا بتایا، اسد مجید نے آفیشل میٹنگ پر سائفر بھیجا تھا، ڈونلڈ لو اگر رجیم چینج کو تسلیم کر لیتا تو دباو¿ پوری جو بائیڈن حکومت پر آتا، بائیڈن حکومت ہل جاتی، ڈونلڈ لو کے بیان پر دوبارہ انکوائری کرائی جائے، امریکی سفیر مجھے ملنے جیل نہیں آئے ، جب ملاقات ہو گی تو ڈونلڈ لو کے بیان اور پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے کردار پر بات کروں گا۔
سابق وزیراعظم نے سوال اٹھایا سائفر سے پاکستان متاثر ہوا تو کیوں انکوائری نہیں ہوئی، اصل سائفر دفتر خارجہ میں موجود ہے، ہمیں پیرافریز کاپی دی گئی تھی، سائفر گم ہوا تو وزیراعظم اپنے آفس کا چوکیدار نہیں ہوتا بلکہ آفس کے کچھ سکیورٹی پروٹوکولز ہوتے ہیں،رانا ثنا کے بیان پر یہی کہنا چاہوں گا مافیاز ایسا ہی کرتے ہیں،دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران،قریشی کی سائفر کیس میں سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی ۔
مجھے جیل میں رکھ لیں مگر باقی رہنماوں کو چھوڑ دیں، عمران خان


















