ہمارے پیاروں کی لاشیں ملبے کے نیچے ہیں،فلسطینیوں کی دہائی

مقبوضہ غزہ (مشرق نیوز) غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد سے ہسپتالوں اور طبی مراکز پر اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں اور ان میں کوئی کمی نہیں آرہی۔ حالیہ اسرائیلی حملوں سے فرار ہونے والے فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ ان کے لواحقین کی لاشیں اب بھی ملبے کے نیچے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی ہلال احمر نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے امل ہسپتال اور ناصر ہسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے ہسپتالوں اور اطراف میں بمباری اور فائرنگ کرکے درجنوں افراد کو شہید اور زخمی کردیا ہے۔اسرائیل نے شفا کمپلیکس کو حماس کی جانب سے فوجی کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کرنے کے ثبوت بھی پیش کئے تھے۔ ان ثبوت پر اوپن سورس ڈیٹا، سیٹلائٹ امیجز پر انحصار کرنے والی امریکی رپورٹس نے سوالات اٹھائے تھے اورنتیجہ اخذ کیا تھا کہ یہ اسرائیلی ثبوت الزامات کی سطح تک نہیں پہنچے ہیں۔