سرفراز بگٹی نے ناراض بلوچوں کو پھر قومی دھارے میں شامل ہونے کی پیشکش کر دی

کوئٹہ: (بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تمام ناراض بلوچوں کو ایک مرتبہ پھر ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے ملٹری اسٹیبلشمنٹ بھی چاہتی ہے ناراض بلوچوں سے بات کی جائے اور ہتھیار پھینک کر اور تشدد ترک کرنے والوں کے لیے ریاست کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

انٹرویومیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا قومی دھارے میں شامل ہونے کی صرف ایک شرط ہے کہ ہتھیار پھینکنا ہوں گے، نیشنل ایکشن پلان میں دہشت گردی کی جو تعریف کی گئی ہے اس میں مذہب کے نام پر تشدد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دےدیا اور دوسروں کو آپ نے ناراض بلوچوں کا نام دےدیا، یہی نام تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر دیا ہے تو میں سرفراز بگٹی ہٹ تو نہیں سکتا، ناراض بلوچوں کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ آئیں اور قومی دھارے میں شامل ہوں۔