پی ٹی آئی یورپی یونین ،IMFکو خط لکھنے کی بجائے الیکشن ٹربیونلز جائے:وزیر اطلاعات

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے ایف بی آر کی تنظیم نو کی جارہی ہے، وزیراعظم خود اعلان کریں گے،ٹیکس اصلاحات پر جلد خوشخبری آئےگی، پی ٹی آئی والے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں تو کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا پی ٹی آئی ایک قومی جماعت ہے لیکن رویہ ایسا ہے جیسے چھوٹے بچے آپس میں لڑرہے ہوں، پی ٹی آئی کے رہنما اندرونی سیاست کو چھوڑ کرمیثاق معیشت کے لیے اپنا کردار ادا کریں، آپ کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں، آپ کبھی لابنگ فرمز ہائر کرتے ہیں، آپ کو ڈونلڈ لو نے سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیا،پی ٹی آئی قومی دھارے میں آئے اور یہاں پر سیاست کرے، آپ یورپی یونین سے رپورٹ مانگنے کی بجائے الیکشن کمیشن میں جائیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا گوادرپورٹ اتھارٹی پر پچھلے دنوں حملہ کیا گیا، حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی، کریم جان نامی دہشت گرد گوادر پورٹ اتھارٹی کے حملے میں ملوث تھا اور وہ ہلاک ہوا، یہ تشویشناک بات ہے اگست 2022 سے کریم جان کو مسنگ پرسن ڈکلیئر کیا جا رہا تھا۔

،وفاقی وزیر نے مزید کہا گوادر پر حملہ ہماری معیشت پر حملہ ہے، ملک میں امن قائم کرنے کےلئے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،احد چیمہ سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا احمد چیمہ کے بچے 3 سال وہاں نہیں پڑھ رہے تھے، جب آپ کے بچے نہیں پڑھ رہے تو نہ پڑھنے کی فیس نہیں دی جاسکتی، قانون اور رولز کے مطابق انہوں نے درخواست دی، درخواست میں کہا میرے بچے وہاں نہیں پڑھ رہے، جب بچے پڑھ نہیں رہے تو فیس کس بات کی ادا کی جائے، غلط رنگ دیا جارہا ہے، رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیں توپتہ چلے، پرنسل ایچی سن کالج کے استعفے کے معاملے کو غلط رنگ دیا جارہا ہے۔