آئی ایم ایف مطالبے پر یکم اپریل سے تاجروں کا اندراج ہوگا

اسلام آباد عالمی مالیاتی فنڈ کے مطالبے پر راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے 6 بڑے شہروں میں یکم اپریل سے تاجروں کے اندراج کا آغاز ہوگا۔ تاجر دوست سکیم کے تحت پرچون فروش یکم اپریل سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے تاجر رجسٹریشن کرانا شروع کریں گے اور ان سے یکم جولائی 2024 سے ٹیکس وصولی شروع ہوگی۔ ایف بی پر آن لائن مارکیٹ پلیس پلیٹ فارم کو اس اسکیم کے تحت ٹیکس نیٹ میں شامل کریگی۔

ایف بی آر کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم 10 لاکھ پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں، اس سلسلے میں جاری ہونے والے ایس آر او میں چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کیلئے ایک خصوصی طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے۔ تاجر دوست سکیم کا سکوپ بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ سکیم ہر دکان‘ سٹور‘گودام، دفتر یا ایسی ہی کسی اور جگہ کیلئے ہے جو ان شہروں کے سول علاقوں یا چھاونیوں کی حدود میں ہوں، یہ سکیم ان کمپنیوں پر لاگو نہیں ہوگی جو کسی قومی سطح کے یا بین الاقوامی چین کے سٹور کا یونٹ ہو۔

تاجر دوست سکیم کے تحت ہر تاجر اور دکاندار کو آرڈیننس کی شق 181 کے تحت رجسٹریشن کیلئے درخواست کرنا ہوگی اور یہ 30 اپریل تک ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ کم از کم ماہانہ ایڈوانس ٹیکس ہر شخص پر لاگو ہوگا جو اسکی آمدن کے حوالے سے ہوگا۔

سالانہ ایڈوانس ٹیکس اگر صفر ہو تو ایسے شخص کو سالانہ 1200 روپے ادا کرنا ہوں گے لیکن اگر کسی وجہ سے کسی شخص کی آمدن ٹیکس سے مستثنیٰ ہے تو اس پر یہ لاگو نہیں ہوگا، اگر کوئی شخص اپنا ایڈوانس ٹیکس اکٹھا ادا کر دے یا بیلنس ادا کر دے تو اس کے مجموعی ایڈوانس ٹیکس کو 25 فیصد کم کر دیا جائیگا۔