علی پور چٹھہ:وزیر اعلی کا ستھرا پنجاب پروگرام ناکام

علی پور چٹھہ:(تحصیل رپورٹر)علی پور چٹھہ میں وزیر اعلی کا ستھرا پنجاب پروگرام ناکام ہو گیا!!شہر بھر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر،تعفن سے شہری بیمارہونے لگے،عوامی و سماجی حلقوں کا شدید احتجاج،وزیراعلی پنجاب سمیت کمشنر وڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

بلدیہ علی پور چٹھہ کے چیف آفیسر عمیر سلطان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے پروگرام ستھرا پنجاب کو ہوا میں اڑا دیا،شہر بھر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔سڑکوں،بازاروں،چوکوں،گلی محلوں میں خالی پلاٹوں سمیت ہر طرف گندگی ہی گندگی شہریوں کا منہ چڑا رہی ہے اور رمضان المبارک کے مہینہ میں کوڑا کرکٹ سے اٹھنے والے تعفن سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

نالیاں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ابل رہی ہیں اور گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہورہا ہے۔شہر میں محلہ درس القرآن،محلہ پرانا تالاب،محلہ اسلام آباد،ریلوے روڈ،محلہ چراغ آباد،محلہ حیدرآباد میں نالیوں میں صفائی نہ ہونے سے اور فلو ہوکر پانی گلیوں میں پھیل چکا ہے۔شہر کے عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب سمیت کمشنر وڈپٹی کمشنر گوجرانولہ سے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ نااہل عملہ کے خلاف سخت کاروائی کرنے اور شہر کو صاف ستھرا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔