عمران کاسازش الزام جھوٹ، پاکستانی انتخابی عمل میں مداخلت کی تحقیقات ہونی چاہئیں:ڈونلڈ لو

واشنگٹن :(خواجہ فاروق) جنوبی ایشیا کےلئے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ ڈونلڈلو نے سائفر کے ذریعے امریکی سازش کاعمران خان کا الزام سراسر جھوٹ قراردےدیا ۔

امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کی سماعت میں بیان دیتے ہوئے امریکی نائب وزیرخارجہ نے کہا مبینہ سائفرلیک کا معاملہ درست نہیں ، پاکستانی سفیر اسد مجید بھی تصدیق کرچکے سائفر کا الزام جھوٹ ہے،پاکستان امریکہ کا اہم پارٹنر ملک،انتخابات کے دوران انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش ہے، الیکشن میں صحافیوں کےساتھ بدسلوکی کے واقعات بھی رپورٹ کیے گئے۔

ڈونلڈ لو نے کہا پاکستان کے انتخابی عمل میں مداخلت کی تحقیقات ہونی چاہئیں، الیکشن میں مداخلت، دھوکہ دہی کے دعووں کی مکمل چھان بین کی جائے ،الیکشن سے پہلے انتخابی بدسلوکی و تشدد کے واقعات پرفکرمند رہے،امریکہ کی جانب سے انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا، امریکی نائب وزیرخارجہ نے کہا بانی پی ٹی آئی کا سائفر والا معاملہ بالکل غلط و جھوٹ تھا، بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے میں کوئی کردار نہیں ،الزام کی سختی سے تردید کرتا ہوں،ڈونلڈ لو کی گفتگو کے دوران ہال میں موجود کچھ لوگوں نے”بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو“ کے نعرے لگائے، رکن ایوان نمائندگان نے کہا شور کرنے والوں کو ہال سے نکال دیا جائے۔

امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ نے کہانتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات دیکھنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، چاہتے ہیں الیکشن کمیشن شفاف طریقے سے بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کا احتساب کرے، الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح کمیٹی میں ہزاروں پٹیشن جمع ہوچکیں، بے ضابطگیوں پرتحقیقات کو غور سے دیکھ رہے ہیں، شفاف عمل یقینی بنانے کیلئے حکومت ،الیکشن کمیشن کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔

ڈونلڈ لو نے کہاامریکہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان گزشتہ دہائیوں سے بیرونی قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، امریکہ 67 سال سے انویسٹمنٹ کر رہا ہے، پاکستان نے امریکہ کےساتھ ملکر دہشتگردی کی جنگ کا مقابلہ کیا، دہشتگردوں نے سیاسی رہنماوں و اجتماعات کو نشانہ بنایا ،پاکستان میں معاشی ریفارمز کی ضرورت ہے،خوشحال پاکستان پاکستانی لوگوں کا حق ہے، اسلام آباد ہمیشہ سے ہی دہشتگردی جیسے مسائل سے دوچار رہا، جمہوری حکومت کا قیام پاکستان میں بہتری لائے گا۔

امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہا پاکستان معیشت و دہشتگردی دونوں محاذوں پر لڑ رہا ہے، معیشت کی بحالی پاکستان کیساتھ امریکہ کیلئے بھی سود مند ہے،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین جگہ ہے، پاکستان معاشی پالیسیاں ٹھیک کرے تو امریکہ سے بڑی سرمایہ کاری آئے گی، اسلام آباد کی کامیابی امریکہ کی کامیابی ہے،ڈونلڈ لو نے مزید کہاپاک ایران تعلقات میں اتار چڑھاو رہا، امریکہ چاہتا ہے پاکستان معاشی بحران سے نکلے،امریکہ کے اندر امریکی شہری کے قتل کی سازش میں بھارتی حکومت سے وابستہ شخص ملوث تھا،چیئرمین خارجہ کمیٹی نے ڈونلڈلو کا بیان تسلی بخش قراردےدیا۔