اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے سانحہ 9 مئی کے 5ملزموں کی ضمانت منظور کرلی،جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،عدالت عظمیٰ نے ناقص تفتیش پرپولیس ، پراسیکیوشن کی سرزنش کردی ۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسارکیا کیا ریلی نکالنا یا سیاسی جماعت کا کارکن ہونا جرم ہے؟ طلبہ یونین و سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگانے سے ہی بربادی ہوئی ،کیا ہیڈ کانسٹیبل کے بیان پر سابق وزیراعظم کو غدار مان لیں؟ خدا کا خوف کریں کس طرف جا رہے ہیں۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال پوچھا ملزموں کےخلاف کیا شواہد ہیں؟ کیا سی سی ٹی وی کیمروں سے شناخت ہوئی ؟ ،تفتیشی افسر نے جواب دیا حمزہ کیمپ سمیت دیگر مقامات کے کیمرے مظاہرین نے توڑ دئیے تھے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا مطلب ہے ملزموں کےخلاف کوئی ثبوت نہیں صرف پولیس کے بیانات ہیں، دہشتگردی کی دفعات کیوں لگائی گئیں؟پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا ملزمان نے آئی ایس آئی کیمپ پر حملہ کیا، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا آپ کو پھر علم ہی نہیں دہشتگردی ہوتی کیا ہے؟ ، دہشتگردی سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور ،کوئٹہ کچہری میں ہوئی تھی، ریلیاں نکالنا کہاں سے دہشتگردی ہوگئی؟ اصل دہشتگردوں کو پکڑتے نہیں ریلیوں والوں کے پیچھے لگے ہیں۔
تفتیشی افسر نے کہا ملزموں نے اپنے لیڈر کی گرفتاری پر سازش کے تحت حساس اداروں پر حملے کئے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کیا بم دھماکوں والوں کی سازش کبھی پکڑی گئی ؟ اصل دہشتگردوں کی سازش پکڑیں تو کوئی شہید نہ ہو، سی سی ٹی کیمروں کی ریکارڈنگ محفوظ ہوتی ہے لوگ موبائل سے بھی ویڈیو بناتے ہیں،وکیل پنجاب حکومت نے عدالت کو آگاہ کیاملزموں سے پٹرول بم برآمد ہوئے ، فائرنگ کا بھی الزام ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا پٹرول بم کون کہاں سے لایا گھر سے تو کوئی لا نہیں سکتا، تفتیش کیا کہتی ہے؟،پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا سپیشل برانچ لاہور کا ہیڈ کانسٹیبل بھی گواہ ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا واقعہ راولپنڈی کا ہے اور گواہ لاہور کا، کیا حکومت کےخلاف ٹائر جلانا بہت بڑا جرم ہے؟ حکومت و ریاست عوام کےلئے ماں باپ کی اہمیت رکھتے ہیں، بچوں کو ماں باپ 2 تھپڑ مار بھی دیں تو بعد میں منا لیتے ہیں قتل نہیں کرتے، سب کو بند کر دینا تو مسئلے کا حل نہیں۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا پولیس کے پاس گواہی کے علاوہ کوئی ثبوت ہی موجود نہیں، تفتیشی افسر نے کہا ملزموں کےخلاف مقدمہ درج کیا پھر موقع پر جا کر گرفتاری کی، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا گرفتاری سے پہلے ملزموں کے نام کیسے معلوم تھے؟ سارے کیس کا پولیس خود ستیاناس کر دیتی ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا ایف آئی آر میں تو آئی ایس آئی کے آفس پر حملے کا لکھا ہی نہیں، حساس تنصیبات تو بہت سی ہوتی ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا فائرنگ کابھی الزام ہے کوئی اسلحہ برآمد ہوا نہ اہلکار زخمی ہوا، تفتیشی افسر اپنی طرف سے کہانیاں بنا رہا ہے،عدالت نے ملزموں کی ضمانت 50،50ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔
کیا ہیڈ کانسٹیبل کے بیان پر سابق وزیراعظم کو غدار مان لیں؟،سپریم کورٹ

















