پاکستان چین آئرن برادرز،مشترکہ ترقی ،خوشحالی کی جانب بڑھیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: ( شہنوا)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان،چین مشترکہ اقدار کو لےکر چلیں گے اور ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھیں گے۔

شِنہوا نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاباہمی تعاون کےلئے صدر شی جن پنگ کے جذبات کی گہری قدر کرتا ہوں ،چینی صدر کاپیغام میرے لیے اچھی شروعات ہے،70 سے زائد سالوں میں پاکستان ،چین کے رہنماو¿ں نے دوطرفہ دوستی کو مسلسل پروان چڑھایا اور فروغ دیا، دونوں ممالک نے آئرن برادرز جیسی انوکھی دوستی کے ساتھ ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داروں میں ترقی کی جو وقت کی کسوٹی پر کھڑی ہے،دوستی کی اب مزید بلندیوں کو حاصل کرنا چاہیے۔

شہبازشریف نے کہاچینی جدیدیت نے ترقی کے مراکز و شعبوں کو عالمی منڈی میں مسابقتی بنایا ،حالیہ برسوں میں چیلنجوں کے باوجود چین کی ترقی دوسرے ممالک کے مقابلے میں بتدریج آگے بڑھناقابل ذکر کامیابی ہے،پاکستان غربت کے خاتمے، روزگار کے فروغ ،شہری و دیہی علاقوں میں زرعی، صنعتی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے ماڈل سے سیکھ سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاسی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کےلئے تیار ہےں،مقصد راہداری کے ذریعے تکنیکی ترقی و زراعت کو فروغ دینا ہے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سرخ فیتے کا خاتمہ ،پیک منصوبوں میں تاخیر اور دوسرے مسائل کو دور کرے گی،پاکستان صنعتی پارکس ،ایکسپورٹ زونز بنانے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے ،ٹیکسٹائل ،سٹیل جیسے شعبوں میں چینی مشترکہ منصوبوں کا منتظر ہے جو چینی ٹیکنالوجیز کو پاکستان کی سستی افرادی قوت کےساتھ جوڑ دیں گے۔

شہبازشریف نے چین کو دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا بیجنگ کا دوبارہ دورہ کرنے کا منتظر ہوں کیونکہ اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کی نئی قیادت کےلئے چین کا دورہ کرنا روایت ہے،ہر اچھے اور برے وقت میں ساتھ رہیں گے۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ بارشوں کے باعث ہونےوالے نقصانات پر اجلاس میں وفاقی وزیراقتصادی امور، وزیر منصوبہ بندی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شہبازشریف نے این ڈی ایم اے کو صوبوں کےساتھ ملکر سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا حالیہ بارشوں کے متاثرین کو حکومتی امداد کی فراہمی جلد مکمل کی جائے،امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے، مشترکہ سروے مکمل کر کے امداد صرف متاثرہ مستحقین کو ہی پہنچائی جائے،حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو کسی قیمت پر اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، متاثرین کی مدد ترجیح ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی،شہباز شریف نے کہا پاکستان کویت کےساتھ تاریخی و گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،تجارت و سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرکے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں،وزیراعظم نے امیر کویت کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔