پاکستان کےخلاف منصوبہ بندی کرنےوالوں کو انہی کی زبان میں جواب دینگے، نقوی

لاہور:( کرائم رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان کےخلاف منصوبہ بندی کرنےوالوں کو انہی کی زبان میں جواب دینگے، ملکی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ، کسی بھی عمل پر فوری رد عمل دیں گے جو قوم نے دیکھا بھی ہے ،اداروں کےخلاف کسی کو ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دیں گے ، آزادی اظہار رائے کےخلاف نہیں لیکن سوشل میڈیا کےلئے قوانین بننے چاہئیں ،امریکہ کو دنیا کی بہترین جمہوریت کہا جاتا ہے لیکن وہاں پر بھی ٹک ٹاک کو بند کیا گیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،صوبائی وزرا خواجہ عمران نذیر، چودھری شافع ،علی حیدر گیلانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا دہشتگردوں کو انہی کی زبان میں جواب دیں گے ،کوئی بھی ملک جو حملہ کرےگا یا اگر کسی ملک میں بیٹھ کر منصوبہ بندی ہو گی تو اس کا اسی طرح جواب ملے گا ،کوئی نرمی نہیں ہو گی، ایسا نہیں ہوگا صرف ایک بیان جاری کر دیں،بھرپور جواب ملے گا۔

محسن نقوی نے کہاپاکستان میں صرف افغانی ہی نہیں کسی بھی ملک کے باشند ے اگر بغیر دستاویزات کے قیام پذیر ہوں گے تو واپس جانا پڑے گا ، ویزہ لیں اورواپس آئیں، ایف آئی اے نظام کی دوبارہ تعمیر نو کریں گے،محنتی لوگوں کو سامنے لائیں گے، آپ ایف آئی اے میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے،دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے ، کسی پر غلط الزام لگانا غلط بات ہے۔