لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کا کوئی والی وارث نہیں، حکمرانوں کو کہتا ہوں اسلام آباد کو فتح کرنا کوئی کارنامہ نہیں، آپ کی ذمہ داری لوگوں کو امن اور سکون فراہم کرنا ہے جس طرح آپ الیکشن جیتے ہیں، ساری دنیا جانتی ہے، دھونس دھاندلی سے حکومت بنا لی، اب ذمہ داری بھی پوری کریں۔ سندھ میں ڈاکو راج، پورے ملک میں بدامنی ہے، لوگوں کا جان ومال محفوظ نہیں، اندرون سندھ میں مغرب کے بعد کرفیو کا سا سماں ہوتا ہے، پولیس غائب، معاشرہ ڈاکووں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے، پورے ملک سے لوگوں کو اغوا کر کے اندرون سندھ، کندھ کوٹ، کشمور اور دیگر علاقوں میں لایا جاتا ہے، یہاں کے وڈیرے مڈل مین کا کردار ادا کر کے ڈاکووں اور اغوا شدہ لوگوں کی فیملیز سے رقم بٹورتے ہیں۔ چیلنج سے کہتا ہوں اغوا کرنے والوں کو سندھ کے جاگیرداروں، وڈیروں اور سیاسی قیادت کی پشت پناہی حاصل ہے، اغوا برائے تاوان کاروبار بن چکا ہے۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کے اندر ریاست ختم کی جائے، عوام کو تحفظ فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرم پور کے قریب گوٹھ امام الدین بجارانی میں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحفیظ بجارانی کی نمازجنازہ سے قبل میڈیا سے بات چیت اور شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک عالمی اسلامی تحریک اور خاندان ہے، ہم اپنے کارکن کو تنہا نہیں چھوڑتے۔ ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف ملکی مسائل کا حل نہیں، حکمرانوں نے قوم کو آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا، آج صورتحال یہ ہے کہ غریب فاقوں پر مجبور ہیں، حکمران اپنے پروٹوکول اور مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی سے عوام کا سانس لینا تک دشوار ہو گیا ہے، کرپشن، بیڈ گورننس اور سودی معیشت ملک کے مسائل کی وجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے یہ جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت ہے، انھوں نے عوام سے دھوکہ کیا، ہم فراڈ الیکشن پر خاموش رہیں گے، عوام کے حقوق کیلئے گلیوں کوچوں میں جدوجہد جاری رہے گی۔ امیر جماعت نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی عملی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین ان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ پچھلے پانچ ماہ کے دوران اسرائیلی بمباری سے 32ہزار فلسطینی شہید ہوچکے، شہدا میں 11ہزار بچے شامل ہیں، 38ہزار لاپتہ اور 77ہزار زخمی ہیں۔ وزیراعظم غزہ کو بچانے کیلئے وہ اقدامات کریں جن کی اہل فلسطین پاکستان سے توقع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جمعة الوداع کو اہل فلسطین سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک بھر میں یوم القدس منائیگی۔
دھونس دھاندلی سے حکومت بنا لی، اب ذمہ داری بھی پوری کریں: سراج الحق



















