پاکستان کی خوشحالی و سلامتی ترجیح ،ملکر کام کرینگے:امریکی سفیر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہاہے پاکستان کی خوشحالی و سلامتی ترجیح ہے ،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ساتھ ہیں،ملکر کام کرینگے۔

قائم مقام ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی،دوطرفہ تعلقات کے اہم معاملات ،اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی تعاون، انسانی حقوق، علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سفیر نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی اہمیت پر روشنی ڈالی، مشترکہ اہداف، اعلیٰ سطح کے روابط اور گرین الائنس فریم ورک پر بھی بات چیت کی گئی،امریکی سفیر نے شمالی وزیرستان میں حالیہ دہشتگرد حملے میں فوجیوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی امریکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کےساتھ کھڑا ہے،ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کےساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاکستان کی خوشحالی اور سلامتی امریکہ کی ترجیح ہے۔

دریں اثناصدر مملکت آصف زرداری سے یو اے ای کے سفیر نے ملاقات کی ،صدر نے یو اے ای کےساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاتجارت، معیشت، ہوا بازی و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہوگا، ایئر بس اے 380 کی کمرشل پروازوں و ہوا بازی میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے،یو اے ای کے کاروباری ادارے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں، یواے ای سرمایہ کار پاکستانی معیشت میں جدید خیالات و سرمایہ کاری لاسکتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہاپاکستان مینگروز کے جنگلات میں سرمایہ کاری کررہا ہے، پاکستان اور یواے ای کو کاربن کرڈیٹس کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا چاہیے، نئی ٹیکنالوجیز کے اشتراک و زرعی شعبے میں تعاون کرنے کی ضرورت ہے ،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے غذائی تحفظ کا مسئلہ خطے کیلئے باعث تشویش ہے۔

یو اے ای کے سفیر نے کہا یو اے ای پاکستان کی ترقی کیلئے پرعزم و ساتھ کھڑا رہے گا، دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنر شپ میں بدلنے کی ضرورت ہے،یو اے ای کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں،متحدہ عرب امارات کے سفیر نے آصف زرداری کو دوسری مرتبہ صدر بننے پر مبارکباد دی اور متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا،صدرآصف زرداری نے یواے ای سفیر کے دورے کی دعوت قبول کرلی اور،تہنیتی پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا متحدہ عرب امارات میرے دل کے بہت قریب ہے۔