وزرا ،سرکاری افسروں کے فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد، نئی سفری پالیسی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزرا اور سرکاری افسروں کے فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد، وفاقی حکومت نے نئی سفری پالیسی جاری کردی۔

کابینہ فیصلوں کی روشنی میں وفاقی وزرا اور سرکاری افسروں کےلئے بیرون ملک سفری پالیسی کے مطابق سرکاری افسروں کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابندی عائد کی گئی ۔

معاون سٹاف کے بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی ہوگی،نئی پالیسی میں ناگزیر صورتحال نہ ہونے پربیرون ملک سفر کی اجازت کفایت شعاری کمیٹی سے لینا لازمی قرار ےدیا گیا،وفاقی وزیر اور سیکرٹری کے ایک ہی وقت بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ، پابندی سے استثنیٰ کےلئے متعلقہ وزیر یا ڈویژن کو وزیراعظم سے اجازت لینا ہوگی۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی وزیر، وزیر مملکت، مشیر اور معاونین سال میں بیرون ممالک کے 3 دورے کرنے کے مجاز ہوں گے لیکن وزارت خارجہ اور وزارت تجارت کو پابندی سے استثنیٰ ہوگا،دستاویزات کے مطابق مطابق صدر، چیف جسٹس، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس فرسٹ کلاس سفری سہولیات کے مجاز ہوں گے جبکہ وزیر اعظم، چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر خارجہ، وفاقی وزراءاور وزیر مملکت بزنس کلاس سفر کے مجاز ہوں گے،پالیسی میں بیرون ملک دوروں کےلئے پی آئی اے کو پہلی ترجیح قراردیا گیا ، بھارت کے دورے کےلئے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے اجازت لینا لازم ہوگا۔