راولپنڈی (مشرق نیوز) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، یہ آپریشن 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا جس دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد صحرا عرف جانان 16 مارچ کو میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے میں ملوث تھا اور دہشت گرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، دہشت گرد کمانڈر صحرا جانان 8 ساتھیوں سمیت ہلاک

















