اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر ڈاکٹر امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ایران کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی شعبوں بالخصوص توانائی اور تجارت میں تعاون کو وسعت دیکر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دونوں ممالک خصوصاً مشترکہ سرحد کے دونوں جانب بسنے والے عوام کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سپیکر نے دونوں برادر ممالک کی سٹرٹیجک جغرافیائی پوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اپنے انتہائی اہمیت کے حامل محل وقوع کی بدولت علاقائی اور عالمی رابطوں اور تجارت کے فروغ کیلئے وافر مواقع موجود ہیں۔
پاکستان، ایران مشترکہ تاریخ، ثقافت ،مذہب کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں:سردار ایاز صادق

















