کوئی بھی خطہ کلچر کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا:کمشنر ساہیوال

ساہیوال: (بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے پنجاب کی ثقافت امن و محبت کی روایات کی امین ہے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر طلبا کے درمیان مصوری کے مقابلہ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا پنجاب کی ہزاروں سال پرانی تاریخ محبت، جدو جہد اور یکجہتی کی روایات کا تسلسل ہے، یہ خطہ اپنی خوشحالی،تمدن اور تہذیب کے حوالے سے دل کش رنگ رکھتاہے،پنجاب کی ثقافت اور کلچر کا اظہار پنجاب کے لوگوں کی روز مرہ زندگی سے صاف جھلکتا ہے، کوئی بھی خطہ اپنے کلچر کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا، کلچر کسی بھی قوم کا چہر ہ اور شناخت ہوتا ہے۔

ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا نوجوان مصوروں نے بڑی محبت اور محنت کے ساتھ پنجاب کی خوبصورت ثقافت کے رنگ کینوس پر اتارے ہیں، گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کے شعبہ تاریخ کے سربراہ پروفیسر عمران جعفر نے کہا پنجاب کی ثقافت زندگی کے خوبصورت رنگوں سے عبارت ہے جو ہمیں رواداری کاسبق دیتی ہے، مصوری کے مقابلہ میں کل 23نوجوان مصوروں نے حصہ لیا،ججز عبدالمتین اور فاطمہ حسین کے متفقہ فیصلہ کے مطابق اقصیٰ شیرازی نے پہلی،ثانیہ علی نے دوسری اور ہمہ گل نے تیسری پوزیشن حاصل کی جنہیں بالترتیب 15ہزار، 10 ہزار اور7 ہزار روپے کے چیک دیئے گئے جبکہ شرکت کرنے والے تمام طلباءو طالبات کو سرٹیفکیٹس بھی پیش کیے گئے۔