اسلام آباد :(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں سکیورٹی تھریٹ پر پوری جیل بند کرناراہ فرارکا آسان طریقہ ہے۔
عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کےخلاف شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کےخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سماعت کی،عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو سپرنٹنڈنٹ جیل کی طرف سے تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے استفسار کیا پیر کے روزرضامندی کے باوجود ملاقات کیوں نہیں کرائی گئی؟ قیدیوں کی ملاقاتوں کےلئے سکیورٹی انتظامات کیوں نہیں کیے جا سکتے؟۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا قیدی کا وکیل سے ملاقات کرنا بنیادی و آئینی حق ہے،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہاپوری جیل کو سخت سکیورٹی تھریٹس ہیں،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا راہ فرار کا آسان طریقہ ہے سکیورٹی تھریٹ ہے تو پوری جیل بند کر دیں، سکیورٹی تھریٹس ہیں تو پورے ملک کے موبائل نیٹ ورک بند کر دیں،جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیاکل آپ کو عدالت کےلئے تھریٹ آتی ہے تو کیا عدالت بند کر دیں گے؟ آپ کو درمیانہ راستہ نکالنا ہوگا جس سے بنیادی و آئینی حقوق بھی متاثرنہ ہوں، سکیورٹی تھریٹ شہریوں کے بنیادی و آئینی حقوق کی قیمت پر نہیں ہوگا،بعد ازاں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
سکیورٹی تھریٹ پر پوری جیل بند کرناراہ فرارکا آسان طریقہ ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ

















