اسلام آباد:(بیورورپورٹ) خفیہ اداروں کو موبائل فونز ریکارڈنگ سسٹم تک رسائی ،ٹیلی کام آپریٹرز نے عدالت میں بڑا انکشاف کردیا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ ،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کےخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی،موبائل فون کمپنیز کے وکیل نے کہا ریکارڈنگ سسٹم لگا ہے ،حکومت ،ایجنسیز کو سسٹم تک رسائی حاصل ہے ،سسٹم دائرہ اختیار میں ہے، سسٹم تک پی ٹی اے کو رسائی دے دیتے ہیں وہ جس ایجنسی کو چاہتی ہے رسائی دے دیتی ہے ، پی ٹی اے بہتر جواب دے سکتا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا وفاقی حکومت نے کیس میں متعلقہ کالز ٹیپنگ کی اجازت نہیں دی،جسٹس بابر ستار نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب رویہ درست نہیں ، وزیراعظم، اٹارنی جنرل، 3سیکرٹریز نے جواب جمع کرایا فون ٹیپنگ کی کوئی اجازت نہیں دی گئی، اب آپ آ کر کہہ رہے ہیں آپ کا جواب صرف موجود کیس پرتھا۔
جسٹس ستار نے کہا آپ سے بار بار بات پوچھی ہے اگر کوئی سسٹم موجود ہے تو عدالت کے سامنے رکھیں، وفاقی حکومت نے تو لکھا چھوٹے معاملات میں مداخلت ہی نہیں کرتے اگر کسی نے غلط رپورٹ جمع کرائی ہے تو نتائج بھگتنا پڑیں گے،عدالت نے کہاسب کس قانون کے تحت ہو رہا ہے؟ 8ماہ سے پوچھ رہا ہوں کس فریم ورک کے تحت کام کر رہے ہیں، آپ کو پتہ تو ہونا چاہیے ناں مجاز ایجنسی کون سی ہے جس کو آپ رسائی دے رہے ہیں؟۔
ہائیکورٹ نے پیمرا سے استفسار کیا پچھلے 2سال سے غیر مصدقہ جو آڈیوز چلائی جا رہی ہیں کیا آپ کی کوئی ہدایات ہیں؟،وکیل پیمرا نے کہا ایسی آڈیو نشر کرنے کو ممنوع کرنے کا آرڈر ہی نکال سکتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ہدایات جاری کی ہوئی ہیں۔
جسٹس بابر ستار نے کہا 2دن آپ دیکھتے رہتے ہیں غیر مصدقہ مواد چلتا رہے ؟ پرائیویٹ ، غیر مصدقہ چلنے والا مواد پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے کسی بلیک میلنگ کےلئے بھی استعمال ہوتا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیولیکس کےخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی اور ٹیلی کام آپریٹرز کے وکیل کو آئندہ سماعت تک تحریری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
خفیہ اداروں کو موبائل فونز ریکارڈنگ سسٹم تک رسائی ،ٹیلی کام آپریٹرز کاانکشاف



















