کمشنر ساہیوال کا فتح شیر روڈ کی کارپیٹنگ پر اظہار اطمینان ،ٹف ٹائل بھی جلد لگانے کی ہدایات

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا فتح شیر روڈ کی کارپیٹنگ مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار، سڑک کی ٹف ٹائل کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے رکے ہوئے کام کو بھی فوری شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ پسپ حکام کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ مال منڈی چوک سے کالج چوک تک سڑک پر کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت مختلف علاقوں میں ڈرینج کی صفائی بھی جاری ہے جس کی تکمیل سے شہریوں کی سیوریج سے متعلق شکایات کافی حد تک حل ہونگی۔