ضلعی انتظامیہ گجرات کی نا اہلی، ریلوے سٹیشن پلیٹ فارم ٹریک گندے جوہڑ میں تبدیل

لاہور (قمر عباس نقوی) ریلوے لاہور ڈویژن ٹریک کی بحالی میں ضلعی انتظامیہ گجرات کی نا اہلی، ریلوے سٹیشن پلیٹ فارم نمبر 3ٹریک گندے پانی اور جوہڑ میں تبدیل، ضلعی انتظامیہ گجرات ریلوے سٹیشن اپنی حدود میں قائم نکاسی آب کے نظام میں بہتری لانے کی بجائے خاموش، ریلویز شعبہ انجینئرنگ کی طرف سے متعدد مرتبہ مراسلہ لکھنے کے باوجود 14سال پرانہ مسئلہ تاحال جوں کا توں۔ تفصیلات کے مطابق ریلویز پاکستان کے لاہور ڈویژن کے شعبہ انجینئرنگ ٹو کا ٹریک کی بحالی کی خاطر منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کی خاطر گجرات کی ضلعی انتظامیہ سرگرم ریلویز کی حدود میں عرصہ 14سال سے اطراف کی آباد یوں جس میں خالد آباد ،سردار پورہ ،عثمان پورہ شامل ہیں کو نکاسی آب کی فراہمی کی خاطر سیوریج نظام کی تنصیب کی گئی ہے جس کے نکاس کے نظام کی خاطر مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کا فقدان ہونے کی وجہ سے سیوریج کا گندا پانی اور جوہڑ اوور فلو ہونے کی وجہ سے گجرات ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 3کے ٹریک پر آنے کی وجہ سے ٹریک کو گندے نالے میں تبدیل کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ریلوے ٹریک کی بحالی کو متاثر کرتے ہوئے ٹرینوں کی آمد و روانگی کو متاثر کر رہا ہے اور کسی وقت بھی ناخوشگوار واقع کا سبب بن سکتا ہے جو کہ ضلع گجرات کی انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ریلوے سٹیشن کی حدود میں قائم نکاسی آب کے نظام کو بحال رکھنے کی خاطر ڈسپوزل اسٹیشن قائم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈسیلٹنگ کی جاتی ہے جس کی وجہ سے عام دنوں کے علاوہ مون سون میں بارشی اور سیوریج کا پانی اوور فلو ہونے سے ٹریک نمبر 3مکمل طور پر ڈوب جاتا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ گجرات کی جانب سے کسی قسم کی منصوبہ بندی دیکھنے میں نہیں آرہی ریلویز انتظامیہ کی جانب سے سیوریج نالہ کی وجہ سے ٹریک کیلئے پیدا ہونیوالے مسائل کے مستقل حل کی خاطر گجرات ٹی ایم او کو متعدد مرتبہ مراسلہ لکھا گیا جس کے باوجود مسئلہ تاحال حل نہ کیا جا سکا جس پر ریلویز انتظامیہ کی جانب سے خاموشی اختیار کر لی گئی ہے گجرات ریلوے سٹیشن ماسٹر اسد اقبال کا کہنا ہے کہ یہ 14سال کا مسئلہ چل رہا ہے سول آبادی کے نکاس کی خاطر نالہ ریلوے اسٹیشن حدود میں قائم ہے جس کی وجہ سے سیوریج کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی ریلوے سٹیشن کے ٹریک نمبر تین کو متاثر کر رہا ہے۔ اس پر ریلویز لاہور ڈویژن کے شعبہ انجینئرنگ کو آگاہ کر رکھا ہے یہ ان کا کام ہے میری زمہ داری نہیں ہے۔ ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر فرحت عباس فخری کا کہنا تھا کہ سیوریج نظام کی بحالی کی خاطر ضلعی انتظامیہ گجرات کو متعدد مرتبہ مراسلہ لکھا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کی جانب سے اس مسئلہ کو حل نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے ریلوے گجرات سٹیشن کے ٹریک نمبر 3کی بحالی میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ٹی ایم او گجرات کے نمبر پر متعدد مرتبہ کال کی گئی لیکن کال اٹینڈ نہ کی گئی جس کی وجہ سے ان سے رابطہ نہ ہو سکا ۔