وزیراعظم نے تیز تر انصاف کےلئے 8 رکنی قانونی اصلاحات کمیٹی قائم کردی

اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم نے تیز تر انصاف یقینی بنانے کےلئے 8 رکنی قانونی اصلاحات کمیٹی قائم کردی۔

ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق قانونی اصلاحات کمیٹی کی سربراہی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کریں گے، اراکین میں اسحاق ڈار، شاہد حامد، زاہد حامد، مخدوم علی خان ،اٹارنی جنرل ،صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت اور احسن بھون شامل ہیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا وزیر اعظم نے فوجداری و دیوانی معاملات میں انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی بنائی،تیز تر انصاف یقینی بنانے کےلئے فوجداری، سول، مالیاتی اور آئینی شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

دریں اثناانفارمیشن ٹیکنالوجی پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے،نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں تعلیم و ہنر اور سٹارٹ اپس کو درکار سہولیات فراہم کریں گے،گزشتہ دور حکومت میں آئی ٹی کی صنعت کیلئے جن منصوبوں کا آغاز کیا ان کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہارواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے زائد ہونا خوش آئند مگر اضافہ کرنا ہے،سپیشل ٹیکنالوجی زونز پر بھی جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے،آئی ٹی شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے خوب محنت کرنا ہوگی،آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری و برآمدات میں اضافے کیلئے تمام ضروری قانونی و پالیسی اقدامات اٹھائے جائیں۔