عمران خان کیخلاف تمام مقدمات غیر آئینی طریقے سے چلائے گئے: بیرسٹر گوہر خان

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف تمام مقدمات غیرآئینی طریقے سے چلائے گئے سپریم کورٹ نوٹس لئے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی کچھ دستاویزات تھیں جو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران لیکر گئے، سینیٹ انتخابات ہو رہے ہیں اسلئے درخواست دی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے دستاویزات کے ہمراہ مشاورت کی اجازت دی جائے۔

بیرسٹر گوہر خان نے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف تمام مقدمات میں عدالتی کارروائی پر عدالت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عدلیہ ہی ہے جس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں امید کرتے ہیں کہ ہمیں بھی انصاف ملے گا، تیزی کے ساتھ فیصلے ہونے چاہئیں چاہے سپریم کورٹ، ہائی کورٹ یا پھر ٹرائل کورٹ ہو، جس غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے ٹرائل چلایا گیا ہے، عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ نوٹس لے۔