معاشرے میں مثبت رویوں کا فروغ اہم ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ اظہار خیال معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ میں نہایت اہم ہے اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ عوام کو در پیش مسائل سمیت قومی معاملات پر اپنی رائے کا کھل کر اظہار کریں، اس اہم قومی ذمہ داری میں پینٹنگ کا اہم کردار ہے جسے فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل میں مصوری کے ڈویژنل مقابلوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی جس میں ڈویڑن کے تینوں اضلاع سے پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا وطالبات نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق سمیت ڈپٹی ڈائیریکٹر اوکاڑہ آرٹس کونسل محمد حماد چیمہ، اسسٹنٹ ڈائیریکٹرز وسیم اکرم اور الیاس اکبر سگھلہ اور مقابلے کے ججز فاطمہ حسین ،عبدالمتین اور غلام مصطفی مغل بھی موجود تھے۔ مقابلوں میں بسمہ خان نے پہلی، نمرہ شہزادی نے دوسری اور ملیحہ مریم نے تیسری پوزیشن حاصل کی جو صوبائی سطح پر ہونےوالے مقابلوں میں ساہیوال ڈویڑن کی نمائندگی کریں گے- ڈویڑنل مقابلوں میں موضوع پینٹنگز کیلئے ماحولیاتی آلودگی ،چھوٹا خاندان خوشحال پاکستان اور پاکستان کی شناخت تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے انعامات جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ساہیوال آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر سلیم قیصر پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کیلئے صحتمند سرگرمیوں کو مستقل میں بھی جاری رکھیں۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے چیف آفیسر کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ”ستھرا پنجاب مہم“ پروگرام پر مکمل عملدر آمد یقینی بنایا جائے اور شہر کے مین روڈز کے علاوہ گلی محلوں کی صفائی ،وال چاکنگ اور تجاوزات کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے، شہر بھر کی تمام سڑکوں پر پیچ ورک جلد از جلد مکمل کیا جائے، فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف سختی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد،اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی -انہوں نے مزید کہا کہ مین شاہراہوں، گلی محلوں، گراو¿نڈز و دیگر پبلک مقامات سے کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا بلدیاتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے وال چاکنگ اور غیرقانونی بل بورڈز اور ہورڈنگز کو فوری ہٹانے کی بھی ہداہت کی جس کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔کمشنر شعیب اقبال سید نے چیف افسرکو ہدایت کی کہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور کھلے مین ہولز کی مرمت اور ان پر کور رکھنے کے کام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔