آرٹ کی سرگرمیاں تعمیری سوچ کا مظہر ہوتی ہیں، کمشنر ساہیوال

ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ آرٹ کی سرگرمیاں تعمیری سوچ کا مظہر ہوتی ہیں۔انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ڈویژنل سطع پر پنجاب تھیٹر مقابلہ 2024 میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطا ب کرتے ہوئے کہی۔

شعیب اقبال سید نے کہا ساہیوال آرٹس کونسل نے مصوری اور تھیٹر کے مقابلہ جات میں اچھی کارکرگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے باعث ضلع پاکپتن' ضلع'اوکاڑہ اور ضلع ساہیوال کے نوجوانوں کو مصوری اور تھیٹر ڈرامہ میں اپنے ہنر آزمانے کا بہترین موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ کی سرگرمیاں ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معاشرے کو خوبصورت بھی بناتی ہیں۔

ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ پنجاب مصوری و تھیٹر مقابلہ جات 2024 ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید بلال حیدر کا وژن ہے جس کی تکمیل کے لیئے پنجاب آرٹس کونسل کے جملہ افسران نے ان تھک محنت کی ہے،نوجوانوں کےلئے آرٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع پیداکیئے جاتے رہیں گے تاکہ نوجوان فنکاروں کو اپنا آرٹ دکھانے کے لیئے پلیٹ فارم دستیاب ہوسکے۔

تھیٹر مقابلہ جات کے ججز رانا حماد رسول،علی وارث انصاری اور ڈاکٹر حنا جمشید کے متفقہ فیصلے کے مطابق بلال کمیانہ گروپ نے پہلی،بیکن سکول سسٹم نے دوسری اور محمد جمشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی جنہیں ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے بالترتیب 50 ہزار'40 ہزار اور 30 ہزار کے چیک دیئے گئے جبکہ تمام شرکت کرنے والوں کو سرٹیفیکیٹس بھی دیئے گئے۔مقابلہ میں کل دس ڈرامہ گروپس نے شرکت کی۔مقابلے میں پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم 9 مارچ کو صوبائی مقابلہ جات کے لیئے لاہور میں پرفارم کریگی۔