غزہ میں مجوزہ جنگ بندی ، تفصیلات سامنے آگئیں
تل ابیب (مشرق نیوز) امریکی حکام نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے مجوزہ معاہدے کو اسرائیلی حکام نے قبول کرلیا ہے تاہم اب معاہدے کو قبول کرنے کے لیے گیند حماس کے کورٹ میں ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حماس اپنا حتمی جواب جلد ہی ثالثوں کو بھیجے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حماس کا ایک وفد آنے والے گھنٹوں میں مصر میں ثالثوں کے ساتھ ملاقات کرےگا۔اس میں جنگ بندی کی مدت اور قیدیوں کی تعداد پر تنازعہ بھی سامنے آیا، کیونکہ حماس نے دنوں کی تعداد میں اضافے اور رہا کئے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ تل ابیب نے حماس کو مطلوب قیدیوں کے ناموں کو مسترد کردیا۔اسرائیل نے ثالثوں سے ایک تفصیلی بیان طلب کیا جس میں بقیہ قیدیوں کی تعداد، جنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے ساتھ ساتھ ان میں سے ہر ایک کی صحت کی مکمل حالت اور تفصیل شامل تھی۔اسرائیل کو حماس کے زیر حراست فوجی قیدیوں کی تعداد کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔تل ابیب نے ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قیدیوں کی حالت جاننے، ان کی جانچ پڑتال اور ادویات کی آمد کی تصدیق میں زیادہ کردار ادا کریں۔جبکہ حماس نے ثالثوں کو مطلع کیا کہ اس کے پاس صرف کچھ قیدی ہیں اور وہ ان کی شرائط کا تعین کرنے کے لیے دھڑوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اس کیلئے وقت درکار ہے کیونکہ اس کے پاس موجود قیدیوں کی مکمل تعداد کے حوالے سے تصدیق شدہ یا حتمی فہرست موجود نہیں ہے۔حماس نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ قیدیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیل فلسطینی نظربندوں کے ساتھ بھی ایسا ہی کرے۔تحریک نے ثالثوں سے کہا کہ اسرائیل 7 اکتوبر کے حملے کے بعد حراست میں لئے گئے افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرے۔


















