رائیونڈ کو کرپٹ اور نااہل ٹریفک پولیس نے تجاوزات کا جنگل بنا دیا

رائےونڈ:(نذیر الحسن میو)عالمی تبلیغی اجتماع اور جاتی عمرہ کیوجہ سے پوری دنیا میں شہرت کے حامل شہر رائےونڈ کو کرپٹ اور نااہل ٹریفک پولیس عملہ نے تجاوزات کا جنگل بنادیا۔عالمی تبلیغی مرکز جہاں پر روزانہ ملک و بیرون ملک سے ہزاروں مندوبین شریک ہوتے ہیں ملکی وغیر ملکی اعلی سطحی وفود کی شرکت معمول ہوتی ہے۔

ٹریفک پولیس سیکٹر میں باربار اور برسوں سے تعینات مقامی عملہ نے ذاتی مفادات کی خاطر مرکزی دروازے اور اطراف میں ناجائز رکشہ سٹینڈ،ریڑھی ودیگر تجاوزات قائم کروائی ہوئی ہیں۔جہاں سے منتھلی وصول کیجاتی ہے ٹریفک پولیس عملہ نے ایک جانب ذاتی مفاد کی خاطرسکیورٹی خدشات کے اسباب پیدا کئے ہوے تو دوسری جانب تجاوزات کی وجہ سے لاہور روڑ پر ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔شہر کے مرکز فلائی اوور چوک میں آدھی درجن ناجائز رکشہ اور منی بس سٹینڈ قائم ہیں اور پورے چوک پر ریڑھی والوں کا قبضہ ہے فٹ پاتھ پر ملی بھگت سے دکانداروں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ شہر کے بڑے بڑے پلازوں کے سامنے ناجائز پارکنگ سٹینڈ بن چکے ہیں جس وجہ سے شہر کے واحد سرکاری ہسپتال کو جانے والے راستے تقریبا بند ہو جاتے ہیں پیدل گزرنا محال ہے۔

ایمبولینسز کا ٹریفک جام میں پھنس جانا معمول ہے اس وجہ سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے۔مصدقہ زرائع کے مطابق تمام تجاوزات اور ناجائز رکشہ و ٹویوٹا سٹینڈ سے ماھانہ لاکھوں روپے منتھلی وصول کی جاتی ہے۔ٹریفک عملہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کی بجاے شہر سے باہر فیکٹری ایریا میں ناکہ لگا کر کنٹینرز سے دیہاڑی لگانے میں مصروف نظر آتا ہے۔بغیر نمبر پلیٹ اور کم عمر رکشہ ڈرائیوز کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے اور دن کے وقت فلائی اوور چوک۔تھانہ موڑ۔انڈس ہسپتال موڑ۔قصور بائی پاس پر ناکہ لگا کر غریب مزدوروں کے چالان کرکے اعلی آفیسران کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاتی ہے۔

ٹریفک سیکٹر کے اندر موجود ڈی او اور عملہ کی جانب سے شہریوں کی تذلیل کرنا معمول بن چکا ہے۔کم عمر ڈرائیوز کے خلاف مقدمات کے اندراج واخراج بارے مک مکا کھلے عام ہوتا نظر آتا ہے۔شہر کی سیاسی وسماجی شخصیات نے وزیراعلی مریم نواز واعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ انچارج ٹریفک سکیٹر۔ڈی او۔سمیت باربار تعینات ہونے والے مقامی عملہ کو فی الفور تبدیل کیا جاے۔اور اینٹی کرپشن سے اس کرپٹ مافیا کے خلاف تحقیقات کرواکر کاروائی کی جاے۔