مظاہر نقوی کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا تو سمجھا جائےگا دفاع کےلئے کچھ نہیں،چیف جسٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نجی بینک کے منیجر نے جسٹس (ر) مظاہر نقوی کو 5،5کروڑ روپے کی ادائیگی کے بینک ڈرافٹ کا ریکارڈ پیش کردیا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا مستعفی جج کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا تو سمجھا جائےگادفاع کےلئے کچھ ہے ہی نہیں۔

چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا،کونسل کی کارروائی میں گواہ چودھری شہباز کو بھی پیش کیا گیا، کونسل اراکین نے گواہ سے سوال کیا آپ کی مرحوم اہلیہ بسمہ وارثی کا کوئی کیس مظاہر نقوی کی عدالت میں کبھی زیر سماعت رہا؟۔

چودھری شہباز نے کہا بطور جج لاہور ہائی کورٹ مظاہر نقوی کی عدالت میں میری اہلیہ کا چیک ڈس آنر کا کیس چلتا رہا،کیپیٹل و لاہور سمارٹ سٹی کے مالک زاہد رفیق نے حلف پر اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہامیری 8کمپنیاں ہیں، 4دہائیوں سے تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ہوں، لینڈ پروائیڈر راجہ صفدر کے ذریعے مظاہر نقوی سے ملاقات ہوئی۔

کونسل نے ادائیگی کا سوال کیا تو زاہد توفیق نے بتایا ادائیگی راجہ صفدر کو کی،2بارگھر جا کر مظاہر نقوی سے ملا،مظاہر نقوی کے دونوں بیٹوں کو جانتا ہوں، کمپنی نے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے مظاہر نقوی کے بیٹوں کی لا فرم کو ادا کیے، مظاہر نقوی کی صاحبزادی کو ایمرجنسی میں لندن میں پیسوں کی ضرورت تھی ،راجہ صفدر نے مجھے ادائیگی کرنے کا کہا، میں نے دبئی میں دوست کے ذریعے مظاہر نقوی کی بیٹی کو 5ہزار پاو¿نڈز لندن بھجوائے،رقم واپس نہیں کی گئی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیا راجہ صفدر نے کبھی کسی اور جج سے آپ کی ملاقات کرائی؟ زاہد توفیق نے انکار کیا اور کہا 16 اپریل 2019 کو 500مربع گز کے 2 پلاٹس مظاہر نقوی کے دونوں بیٹوں کو دئیے، فی پلاٹ کی مالیت 54 لاکھ تھی، صرف 10فیصد رقم ادا ہوئی، دونوں پلاٹس مظاہر نقوی کے بیٹوں کو ٹرانسفر ہو چکے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا صدقہ تو اپنی جیب سے دیا جاتا ہے راجہ صفدر دوسروں کی جیب سے پیسے نکال کر صدقہ کیوں بانٹتا تھا؟،زاہد توفیق نے کہادوستوں کو فائدہ دیتے رہتے ہیں، سمارٹ سٹی لاہور میں 100 مربع گز کے 2کمرشل پلاٹس مظاہر نقوی کے دونوں بیٹوں کو دئیے، فی پلاٹ کی مالیت 80لاکھ روپے تھی، مظاہر نقوی کے بیٹوں نے دونوں کمرشل پلاٹس بیچ دئیے ،کتنے میں بیچے؟ علم نہیں، مظاہر نقوی کے ایک بیٹے کی شادی میں شرکت کی تھی۔

پراسیکیوٹر عامر رحمان نے کہاالائیڈ پلازا پرمظاہر نقوی کےخلاف ریکارڈ سے کچھ ثابت نہیں ہوا،چیئرمین جوڈیشل کونسل قاضی فائز عیسیٰ نے کہا مظاہر نقوی صاحب چاہیں تو اپنے وکیل کے ذریعے گواہوں پر جرح کر سکتے ہیں دوبارہ کہہ رہے ہیںاگر کوئی پیش نہ ہوا تو سمجھا جائے گا، دفاع کیلئے کچھ ہے ہی نہیں،کونسل نے اجلاس کی کارروائی آج تک ملتوی کردی