اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزارت عظمیٰ میں غیرقانونی مالی فوائدلیے،190 ملین پاونڈ سکینڈل کیس میں عمران ،بشریٰ کےخلاف 4 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ سامنے آگئی۔
چارج شیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے دوران غیرقانونی مالی فوائد حاصل کیے، زلفی بخاری کے ذریعے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کیلئے 458 کنال اراضی بطور عطیہ حاصل کی ،اپریل 2019 میں القادر یونیورسٹی کا کوئی وجود ہی نہیں تھا،عمران خان نے القادر ٹرسٹ کو اپنے اثر و رسوخ سے کابینہ میں منظور کرایا،بشریٰ نے بانی پی ٹی آئی کی غیر قانونی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا،24 مارچ 2021 کو بطور ٹرسٹی دستاویزات پر دستخط کرکے بانی پی ٹی آئی کی مددکی،برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پاونڈ کا سراغ لگایا، 190ملین پاونڈ پاکستان منتقلی سے قبل شہزاد اکبر نے خفیہ معاہدہ کیا۔
4صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں کہا گیا شہزاد اکبر نے6 دسمبر 2019 کو نیشنل کرائم ایجنسی کے رازداری ڈیڈ پر دستخط کیے ،بانی پی ٹی آئی رولز آف بزنس 1973 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے،عمران ،بشریٰ نے مختلف مواقع پر الزامات کے جوابات دینے سے انکارکیا، بانی پی ٹی آئی نے بے ایمانی کرکے 190 ملین پاونڈ میں سے 170 ملین پاونڈکی سہولت کاری کی، خفیہ معاہدے کے ذریعے 190 ملین پاونڈ کو حکومت پاکستان کا اثاثہ قرار دیکر رجسٹرار سپریم کورٹ کا اکاونٹ استعمال ہوا،ڈیل کے تحت زمین کی خریداری بطور معاہدہ استعمال کی گئی، بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ نے فرحت شہزادی (فرح گوگی) کے ذریعے مہرہ نور اسلام آباد میں 240 کنال اراضی لی۔
چارج شیٹ میں مزید بتایا گیا بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ بی بی کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے ، تمام دستاویزی شواہد اور دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزموں کےخلاف ٹرائل شروع کیا جائے،دریں اثنااسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر ،توشہ خانہ کیس میں عمران ،بشریٰ، قریشی کی سزاﺅں کےخلاف اپیلوں پر سماعت 5مارچ تک ملتوی کر دی۔
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے جعلی رسیدوں کے کیس میںآئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کی آن لائن حاضری لگانے کا حکم دےدیا۔
مزید برآں اسلام آباد کی سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ عدالت نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کےخلاف عمران خان اور اہلیہ بشریٰ کی اپیلوں کو قابل سماعت قرار دےدیااورسماعت 11مارچ تک ملتوی کردی ۔
190ملین پاﺅنڈز کیس،عمران نے وزارت عظمیٰ میں غیرقانونی فوائدلیے،چارج شیٹ

















