اسلام آباد (مشرق نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونیوالا اجلاس صبح 10 بجے شروع ہونا تھا تاہم اجلاس مقررہ وقت کے ایک گھنٹے بعد شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، سردار ایاز صادق اور دیگر نو منتخب اراکین شامل ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب ،بیرسٹرگوہر،علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان کو دستخط کرنے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے۔
اس کے علاوہ محمود خان اچکزئی اور سردار اختر مینگل بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔ تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا چناو ہو گا اور پھر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔ موجودہ قومی اسمبلی 336 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے 266 نشستوں پر ارکان براہ راست انتخابات کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں جبکہ باقی ارکان مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنتے ہیں۔
وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کریگی اور 4 مارچ کو ہی وزیر اعظم کا اپنے عہدے کے حلف لینے کا امکان ہے۔ شہبازشریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں جبکہ اس وقت مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
نو منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی نعرے بازی، ایوان مچھلی بازار بن گیا

















