بہاولپور:(قاسم بھٹی)پنجاب آرٹس کونسل بہاول پور ڈویژن کے زیر اہتمام ضلعی سطح کے مصوری کے مقابلہ جات رشیدیہ آڈیٹویم میں ہوئے جس میں نوجوان آرٹسٹوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی، تقریب تقسیم انعامات میں ایم ڈی شمیم گروپ آف انڈسٹری کائنات رضا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، سینئر آرٹسٹ غلام حسین، علی نعیم اور سجاد نواز نے جیوری ممبرز کے فرائض انجام دئیے۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کائنات رضا نے کہا بہاولپور فن و ثقافت کے لحاظ سے زرخیز خطہ ہے، پنجاب آرٹس کونسل کے اقدام سے شاندار ٹیلنٹ سامنے آیا ہے،انھوں نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات اورمقابلے کے شرکاءمیں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے، نتائج کے مطابق بہاول پور ضلع کے مقابلہ مصوری میں عبد الرحمن بن عارف نے پہلی، سید اسد علی نے دوسری اور عاصمہ سعید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل رہا ہے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ڈاکٹر سید بلال حیدر کی ہدایات کی روشنی میں پورے پنجاب میں ضلعی سطح کے مصوری کے مقابلے 29 فروری تک جاری رہیں گے۔ مصوری کے ڈویژن سطح کے مقابلے 6 مارچ کو جبکہ صوبائی سطح کے مقابلے 8 مارچ کو لاہور میں منعقد ہوں گے۔
پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مصوری مقابلہ جات،عبد الرحمن بن عارف نے میدان مار لیا



















