پنجاب کابینہ کی تشکیل کیلئے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت

لاہور (مشرق نیوز) پنجاب میں پہلے مرحلہ میں 25 رکنی کابینہ کی تشکیل کیلئے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) سے 20، پیپلز پارٹی اور ق لیگ سے 2،2 جبکہ آئی پی پی سے ایک وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، بلال یاسین، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کو صوبائی کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے، مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد اقبال، منشاءاللہ بٹ اور عظمیٰ بخاری کو بھی صوبائی کابینہ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اسکے علاوہ مسلم لیگ (ن) سردار شیر علی گورچانی، کاظم علی پیرزادہ، کرنل (ر)ایوب خان گادھی، ملک آصف بھا، اختر بوسال، راحیلہ خادم حسین اور میاں یاور زمان کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق فدا حسین وٹو، تنویر اسلم ملک، ملک اسد کھوکھر، فرخ علی جاوید، شیخ سلمان نعیم کے نام بھی صوبائی کابینہ کیلئے زیر غور ہیں۔

پیپلز پارٹی سے سید علی حیدر گیلانی کو صوبائی کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے ملک غضنفر عباس چھینہ کو بھی صوبائی کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ (ق) لیگ کے چودھری شافع حسین کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مریم نواز کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوتے ہی پہلے مرحلے کی صوبائی کابینہ کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔