صدر کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط میں تاخیر

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے پاس قومی اسمبلی اجلاس پیر کو بلانے کی سمری کل بھیجی گئی ہے، صدرمملکت کا خیال ہے کہ وہ سمری کو15 دن تک روک سکتے ہیں۔ صدرمملکت کا موقف ہے کہ کوئی بھی سمری 15دن تک روکنے کا آئینی اختیار رکھتا ہوں۔

صدر کو بریفنگ دی گئی کہ آئین کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو لازمی بلا نا پڑیگا، آئین پابند کرتا ہے کہ انتخابات کے 21 دن کے اندر اجلاس لازمی بلایا جائے۔ اگر 29 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تو اسی دن حلف کے بعد نئے سپیکر کا شیڈول جاری کیا جائیگا پھر یکم مارچ کو سپیکر قومی اسمبلی کیلئے کاغذات جمع کروائے جائیں گے اور دو مارچ کو سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ہوگا جس کے بعد اسی دن ڈپٹی سپیکر کا بھی چناو کر لیا جائیگا۔

اسی طرح3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل ہوگا، 4 مارچ کو قومی اسمبلی میں وزیراعظم کا الیکشن کرایا جائیگا اور 9 مارچ کو صدر کا انتخاب الیکشن کمیشن آف پاکستان کرائیگا۔خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی 29 فروری کو لازمی بلانا پڑیگا۔