فیصل آباد،جن نکالنے کے بہانے ذہنی معذور خاتون کو جلانے والی جعلی پیرنی کو عمر قید

فیصل آباد:(بیورو رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت نے ذہنی معذور خاتون کو جن نکالنے کے بہانے جلانے والی جعلی پیرنی کو عمر قید اور2 کروڑ13 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کی سزا سنا دی، ملزمہ شمیم نے سونیا کا چہرہ اور جسم جلتے کوئلوں اور گرم سلائیوں سے داغ دیا تھا، عدالت نے مقدمے میں نامزد 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو بری کر دیا۔

تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے رسول پورہ میں دسمبر 2022 میں جعلی پیرنی شمیم نے جن نکالنے کے بہانے پاور لوم مزدور وسیم کی 25 سالہ ذہنی مریض بہن سونیا کا چہرہ جلتے کوئلوں سے جلایا اور گرم سلائیوں سے جسم کو داغا تھا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد حسین نے سماعت کے دوران جھنگ کی رہائشی جعلی پیرنی شمیم کو عمر قید اور دو کروڑ تیرہ لاکھ چونسٹھ ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا، عدالت نے ملزمہ کی تمام سزائیں ایک ساتھ شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے میں نامزد دیگر 3 ملزمان وسیم ، اس کی بیوی عالیہ اور رشتے دار زرینہ کو بری کر دیا۔