دیپالپور بازار میں جمع ملبہ فوری ہٹایا جائے، شفیق احمد ڈوگر

ساہیوال: (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے پسپ پروگرام کے زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور علامہ اقبال روڈ اور ہائی سٹریٹ کی کارپٹنگ کے بعد دیگر تعمیری کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ یہ بات ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر کی زیر صدارت کمشنر آفس میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

شفیق احمد ڈوگر نے ہدایت کی کہ دیپالپور بازار میں جمع ملبہ فوری ہٹایا جائے جو آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈیوں سے ملحقہ سڑکوں پر کوڑا دان رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نیلامی کے بعد ان سڑکوں کی فوری صفائی ممکن ہو سکے -محمد شفیق احمد ڈوگر نے کارپوریشن کے عملے کو سمال انڈسٹریل سٹیٹ میں واقع پارک کی صفائی کی بھی ہدایت کی۔