وفاقی محتسب برائے انشورنس شکایت کنندگان کو فوری ریلیف ممکن بنا رہا ہے :ڈاکٹر خاور جمیل

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وفاقی محتسب برائے انشورنس کے زیر اہتمام دو روزہ سالانہ قومی کانفرنس کا انعقاد ریجنل آفس لاہور میں کیا گیا جس میں گذشتہ اور موجودہ سال کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انشورنس کمپنیوں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے پر غور و خوض کیاگیا۔ کانفرنس میں محکمہ کے ریجنل ہیڈز، ایڈوائزرز، کنسلٹنٹس اور بیمہ کمپنیوں کے سی ای اوز نے شرکت کی۔ وفاقی محتسب برائے انشورنس ڈاکٹر خاور جمیل کی زیر صدارت کانفرنس میں بیمہ کمپنیوں کے حوالے سے شکایت کنندگان کو فوری اور جلد انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ریجنل ایڈوائزر عبد الباسط خان نے بتایا کہ وفاقی محتسب برائے انشورنس تاجر برادری اور دیگر شکایت کنندگان کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے 60 دنوں میں ریلیف ممکن بنا رہا ہے۔ ڈاکٹر خاور جمیل اور عبد الباسط خان نے کہا کہ وفاقی محتسب برائے انشورنس میں گذشتہ ایک سال میں 5736 شکایات درج ہوئیں جن میں سے 5017 شکایات کا فوری ازالہ کیا گیااور شکایت کنندگان کو 2.73 ارب روپے کا ریلیف بھی دیا گیا۔ عبد الباسط خان نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب برائے انشورنس کی عوامی آگاہی مہمات کے نتیجے میں انشورنس کمپنیوں سے متعلق شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سے پیوستہ سال 4740 شکایات درج ہوئیں جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھ کر 5736 ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ عوام میں اس حوالے سے آگاہی پیدا ہوئی ہے۔ ڈاکٹر خاور جمیل اور عبد الباسط خان نے انشورنس پالیسی ہولڈرز میں بتدریج آگاہی پیدا کرنے اور اسے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر وفاقی محتسب برائے انشورنس کے افسران اور بیمہ کمپنیوں کے نمائندگان کو اعزازی شیلڈیں دی گئیں جبکہ انشورنس کمپنیوں پر واضح کیا گیا کہ مس سیلنگ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ وفاقی محتسب کے ریجنل ایڈوائزرنے صارف کو انصاف کی تیز ترین فراہمی یقینی رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔