اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے لیگی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز بحال
اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشنز بحال کر دئیے گئے،الیکشن کمیشن نے این اے 46 سے ن لیگ کے انجم عقیل،این اے47 سے طارق فضل چودھری اور این اے 48 سے راجہ خرم نواز کی کامیابی برقرار رکھی،میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا تینوں حلقوں کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جاتا رہا، فراڈ اور پروپیگنڈا سے پی ٹی آئی نے نوٹیفیکیشنز رکوائے، ہم فارم 45 لائے ہیں، اب عدالتوں نے ثابت کرنا ہے کس کے فارم 45 اصلی ہیں، پہلے کہتے تھے سازش میں ملوث ہیں آج مدد مانگ رہے ہیں، آپ نے نوجوانوں کو گمراہ کیا آج ان کا ٹرائل ہورہا ہے،راجہ خرم نواز نے مخالفین کو عدالتوں سے رجوع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا آر او آفس نے کسی کو نہیں روکا،ان کا راستہ ہم سب نے روکنا ہے،انجم عقیل نے کہا سازش کے ذریعے ایک سیاسی پارٹی بنائی گئی، کبھی کہتے ہیں امریکہ نے ہمیں پارلیمنٹ سے نکالا کبھی آئی ایم ایف کو کہتے ہیں کہ قرضہ نہ دو، کامیاب امیدواروں نے فارم 45 بھی میڈیا کے سامنے پیش کیے۔



















