لاپتہ بلوچ طلبہ بازیابی کیس،وزیراعظم کو طلب کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں،ہائیکورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم ،وزرائ،سیکرٹریز کو طلب کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ بلوچ طلبہ بازیابی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا وزیراعظم ، وزیر داخلہ، وزیر انسانی حقوق ، وزیر دفاع ،متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز 19 فروری کو صبح 10 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا اٹارنی جنرل کی گزشتہ سماعت پر یقین دہانی کے باوجود طلبہ کو بازیاب نہیں کرایا گیا، ایسا لگ رہا ہے وفاقی حکومت قانون کی بالادستی میں دلچسپی نہیں رکھتی،عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیاگیا اس لیے وزیراعظم، وزرا ، سیکرٹریز کو طلب کرکے وضاحت طلب کرنے کے سواکوئی آپشن نہیں بچا۔

عدالت نے کہاوزیراعظم، وزیر داخلہ و دفاع اور سیکرٹری داخلہ و دفاع ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور بتائیں بلوچ طلبہ کو بازیاب نہ کرانے پرکیوں نہ ایکشن لیا جائے، پہلو وزیراعظم، وزیر داخلہ و دفاع اور دونوں سیکرٹریز کو مس کنڈکٹ کا مرتکب بناتا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیاشہریوں کو زندگی و آزادی کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے،عہدیدار معاشرے کےخلاف جرم میں شریک کار ہیں، ریاستی اداروں کے پاس اپنے کنڈکٹ کی کوئی وضاحت نہیں بلکہ وہ مکمل خاموش ہیں، عدالت بڑی واضح ہے معاملے پر 2 ہی صورتیں ہو سکتی ہیں، ریاستی ادارے یا تو اغوا اور جبری گمشدگیوں کے کرمنل ایکٹ کے ذمہ دار ہیں، دوسری صورت میں مکمل ناکام ہیں کہ مبینہ گمشدہ افراد کو بازیاب نہیں کرا سکتے،حکم میں کہا گیا مسنگ پرسنز اگر دہشتگردی یا کسی اور جرم میں ملوث ہوں تو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے، مقدمات درج کرکے متعلقہ عدالت میں قانون کے مطابق فیصلے ہونے دیں۔