پاکستان میں پہلے حکومت بنتی پھر الیکشن ہوتے ہیں،سراج الحق

لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے جمہوریت الیکشن کے نتیجے میں زمین تلے دب گئی،5 سال مزید ضائع ہو گئے، پاکستان میں پہلے حکومت بنتی پھر الیکشن ہوتے ہیں، راولپنڈی کا کمشنر دیگ کا ایک چاول ہے، ساری دیگ ایسی ہی ہے،جعلی حکومت کبھی نہیں چلتی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا آر اوز عدلیہ سے لینے کی بجائے انتظامیہ سے لیے گئے،حلقہ بندیوں پر تحفظات تھے، لوگ عدالتوں میں گئے فائلیں جلد بازی میں بند کردی گئیں، تاریخ کا غیر شفاف الیکشن لکھا جائے گا، وقت آگیا ہے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ملکر جدو جہد کریں، وقتی خوشی کو قبول کیا تو قوم کو کبھی حقیقی جمہوریت نصیب نہیں ہو گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہااب آئین و قانون کی حکمرانی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، جعلی نتائج کے نتیجے میں بننے والی حکومت کبھی نہیں چلتی،23 فروری کو دھاندلی کیخلاف پشاور میں احتجاج کریں گے، 25 فروری کو اسلام آباد میں کانفرنس بلائیں گے ،چاہتے ہیں شفاف الیکشن کی خواہاں جماعتیں ایک پیج پر آجائیں۔