پورے انتخابی عمل پر سوالیہ نشان،جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،پیپلز پارٹی

کراچی،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،رپورٹنگ ٹیم)پیپلز پارٹی نے مستعفی کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی فوری تحقیقات کرانے اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا دھاندلی الزامات نے پورے انتخابی عمل پر سوالیہ نشان لگادیا ،لیاقت چٹھہ کوگرفتار کرنے کی بجائے حفاظتی تحویل میں لیکر دماغی معائنہ کرایا جائے۔

شیری رحمن نے کہاسوال تو اٹھتا ہے 10دن بعد کمشنر راولپنڈی کا ضمیر جا گا،بہت بڑے الزامات ہیں فوری طورپر تحقیقات ہونی چاہئیں،لیاقت چٹھہ اپنے الزامات کے ثبوت بھی دیں۔

سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا اگلے ماہ مارچ میں ریٹائر ہونے والے اعلیٰ افسر کے الزامات کے پیچھے چھپی قوتوں کو بے نقاب کیا جائے،عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے،مستعفی کمشنر راولپنڈی کے الزامات ملک میں مزید بحران کا باعث بن سکتے ہیں،الیکشن کمیشن وضاحتی بیان کی بجائے الزامات کی انکوائری کرائے،چیف جسٹس پس پردہ حقائق کےلئے جوڈیشل کمیشن قائم کریں۔

این اے 51مری سے پیپلز پارٹی کی امیدوار قومی اسمبلی مہرین انور راجہ نے مطالبہ کیا این اے 51سمیت راولپنڈی ڈویژن کے تمام قومی حلقوں کے نتائج کی تحقیقات ہونی چاہئیں،میرا مینڈیٹ چوری کیا گیا،عوامی مینڈیٹ چوری ہونے پر معاملات خراب ہو رہے ہیں،اصل حقائق فوری طور پر عوام کے سامنے لائے جائیں۔