بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، مسلح افراد کا جاتی عمرہ سب ڈویژن پر حملہ،عملہ یرغمال، دفتر میں توڑپھوڑ
لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چووروں کے خلاف آپریشن جاری،اب تک کی کارروائیوں کے دوران 17 ہزار 5 سو 64 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 157 مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 54 ہزار92 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 49 ہزار9 سو7 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17ہزار5سو64 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 37 لاکھ ٍ 50 ہزار5سو48 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2ارب 83 کروڑ8 لاکھ 99 ہزار 6 سو37 روپے ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 407 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 157 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دوسری طرف آصف، رشید ، عدیل، سنیال ، حافظ عصمت، اور عمیر 10نامعلوم افراد کے ہمراہ جاتی عمرہ سب ڈویژن میں داخل ہوئے اور بل درستگی کا مطالبہ کیا جس پر میٹر ریڈر اکبر ولی نے کہا کہ ایس ڈی او صاحب دفتر میں موجود نہیں ہیں ، آپ کو کچھ دیر انتظار کرنا پڑے گا، اکبر ولی کا جواب سن کر ملزمان مشتعل ہوگئے اور اسلحہ کے زور پر عملے میں یرغمال بنا لیا ، اس دوران ملزمان نے میٹر ریڈر اکبر علی کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی جبکہ دفتر میں موجود سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا ، ملزمان کے تشدد سے اکبر ولی کے چہرے پر شدید چوٹیں آئیں ۔ دفتر میں موجود دیگر عملے نے مداخلت کرتے ہوئے اکبر علی کو ملزمان کے نرغے سے آزاد کرایا۔ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی رائیونڈ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ملازمین پر تشدد کرنے ، سرکاری ریکارڈ کو پھاڑنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ مہم کے152ویں روز442نا دہندگان سے90لاکھ روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔ دریں اثناءترجمان لیسکو کے مطابق ایس ڈی او کالج روڈ احمد باجوہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ماربل فیکٹری میں ہونیوالی بجلی کی بڑی چور ی پکڑ لی ، ملزمان انڈسٹریل میٹر کے یلیو فیز کو بائی پاس کرکے ڈائریکٹ بجلی استعمال کررہے تھے ، لیسکو حکام نے میٹر کو قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ملزمان کو 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے پر انسداد بجلی چوری مہم بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔

















